اسلام آباد(نیوز ڈیسک) کراچی کے علاقے آرام باغ میں پاکستان چوک کے قریب واقع مسجد کے باہر دھماکے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکے کی شدت اس قدر زوردار تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی۔ دھماکے سے مسجد کے قریب کھڑی ہوئی متعدد موٹر سائیکلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں جبکہ قریبی دکانوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے سے مسجد کے گیٹ کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی رینجرز کے اہلکار، پولیس، امدادی ٹیمیں اور بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور حادثے میں زخمی افراد کو ایمبیولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیںامداد دی جا رہی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو مکمل طور پر سیل کرتے ہوئے شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے بڑی تعداد میں نمازی جائے حادثہ پر موجود تھے۔ –