لاہور(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے پریس کلب فیصل آباد کے عہدیداران نے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران پنجاب بالخصوصی فیصل آباد میں شاندار ترقیاتی کاموں پر وزیر اعلی محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔صدر پریس کلب فیصل آباد اعجاز انصاری نے کہا کہ آپ نے فیصل آباد میں شاندار منصوبے مکمل کر کے شہر کا نقشہ بدل دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پریس کلب کی تعمیر و ترقی کے لئے آپ کے تعاون پر شکرگزار ہیں ۔
سابق صدر پریس کلب فیصل آباد نے کہا کہ آپ نے حقیقی معنوں میں فیصل آباد کو ترقی دی ہے اورآپ کے تمام منصوبے کرپشن فری ہیں جس پر آپ کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔وزیر اعلی محمدشہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے اورصوبے بھر میں شفافیت کی پالیسی کے تحت تمام ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے بچھائے گئے جال سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے ۔ فیصل آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ خدمت مرکز عوام کو ایک ہی چھت تلے مختلف خدمات فراہم کر رہا ہے جبکہ فیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹ ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ سکل یونیورسٹی اور میٹرو بس جیسے شاندار فلاحی منصوبے بھی بنائے جائیں گے ۔ ترقیاتی منصوبوں میں بچائے گئے اربوں روپے بھی عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پریس کلب اور صحافیوں کی فلاح کے لئے تعاون جاری رہے گا۔ صوبائی وزراء راناثناء اللہ خان ، مجتبی شجاع الرحمن ، معاون خصوصی ملک محمد احمد خان ، پریس سیکرٹری شعیب بن عزیز، چیئرمین ٹاسک فورس برائے انفارمیشن اینڈ کلچر محمد مالک ، سیکرٹری اطلاعات راجہ محمد جہانگیر انور بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلی سے ملاقات کرنے والے وفد میں صدر فیصل آباد پریس کلب اعجاز انصاری ،سابق صدرشاہد علی، نائب صدر ارقم، سیکرٹری ساجد خان ،فنانس سیکرٹری طاہر نجفی اوردیگر ممبران شامل تھے۔