نئی دہلی /کابل(آئی این پی)بھارتی میڈیا نے بھی افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہار میں امریکی بم حملے میں 13ہندوستانی شہریوں کے مرنے کی تصدیق کردی ۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امریکی بم حملے سے مرنیوالوں میں 13 بھارتی بھی شامل تھے، افغان میڈیا نے امریکا کی جانب سے “ایم او اے بی” حملے میں بھارتیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ۔بھارتی میڈیا میں بھی اپنے 13 شہریوں کی ہلاکت کی بازگشت سنائی دے رہی ہے اور داعش سے تعلق کا دعوی کیا گیا ہے۔بھارتی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں 2
بھارتی کمانڈر بھی شامل ہیں جن کی شناخت اللہ گپتا اور محمد کے نام سے ہوئی ہے جب کہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے بھارت سے داعش میں بھرتی ہونے والے مشتبہ دہشت گردوں کے اہلخانہ سے پوچھ گچھ شروع کردی۔ حکام کا کہنا ہے کہ تقریبا 2 درجن بھارتی شہریوں نے مشرقی افغانستان میں داعش میں شامل ہوئے جن میں سے 21 کا تعلق ریاست کیرالا سے ہے۔امریکا نے 13 اپریل کوپاکستانی سرحد سے قریب ننگرہار میں “مدرآف آل بمبز” گرایا تھا جس میں 100 سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق کی جاچکی ہے۔پاکستان عالمی برادری سے افغانستان میں بھارت کی جانب سے دہشت گردوں کی تربیت کی شکایت کرتا رہا ہے ۔واضح رہے کہ 13اپریل کو امریکی افواج نے افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں داعش کے ٹھکانے پر اپنے ذخیرے کا سب سے بڑا غیرجوہری بم جی بی یو 43 گرایا تھا۔ بم گرائے جانے کے ایک ہفتہ بعد داعش کے تباہ ہونے والے مرکز کے ملبے سے 13 بھارتی باشندوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کا تعلق کیرالہ سے ہے اور وہ ہندو ہیں۔ یہ افراد بھارتی سکیورٹی فورس کے اہلکار تھے جو پاکستان کے خلاف سازشوں اور داعش کارندوں کو تربیت دینے کیلئے اس مرکز میں آئے تھے۔ افغان حکام نے ان لاشوں کو کابل منتقل کرنے کے بعد بھارتی سفارتخانے سے رابطہ کیا ہے لیکن بھارتی سفارتخانے نے تاحال لاشوں کو وصول کرنے کے بارے میں کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔