نئی دہلی (آئی این پی)امریکا کی جانب سے افغانستان میں داعش کے ٹھکانوں پر نان نیو کلیئر بم گرائے جانے کے بعد بھارتی انتہا پسند ہندوکارکن نے را جاسوس کلبھوشن یادیو کو چھڑانے کیلئے پاکستان پر بم برسانے کے مطالبے پرمبنی ہرزہ سرائی کردی ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہا پسند تنظیم ویشوا ہندو پرشاد (وی ایچ پی ) کے کارکن پرون توگادیا نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کلبھوشن یادیو کو بحفاظت رہا کرانے کیلئے پاکستان پر بم برسا دینا چاہیے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم روکنے کیلئے کشمیری جہادیوں پر کارپٹ بم سے حملہ کر نا چاہیے ۔جمشید پور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پرون نے افغانستان میں داعش کے مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کیلئے نان نیوکلیئر بم چلانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو ٹرمپ کی اس سوچ سے سبق سیکھنا چاہیے ، ٹرمپ نے ثابت کیا کہ اس کے لیے امریکہ سب سے پہلے کیسے ہے، افغانستان میں داعش کے ٹھکانوں پر بم برسا دیا جو واشنگٹن سے ایک ہزار کلومیٹر دور ہے۔ہماری حکومت کو بھی اسی عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر(جو نئی دہلی سے 800کلو میٹر دور ہے) بم گرانے میں پہل کرنی چاہئیے تاکہ بھارتی سپاہی کی بحفاظت رہائی ممکن ہو سکے ۔انتہا پسند ہندو کارکن کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کوسیکیورٹی فورسز کے برسر پیکار جہادیوں کے خلاف بھی کریک ڈان کرنا ہو گا۔