کراچی (این این آئی)محکمہ موسمیات نے کراچی میں اگلے 24 گھنٹوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے جس کے بعد ڈاکٹروں نے ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے عوام کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید کے مطابق کراچی میں اگلے چار روز تک موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے اور منگل کو درجہ حرارت میں اضافہ ممکن ہے اور یہ 39 ڈگری سے 41 تک جاسکتا ہے’
۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں گزشتہ روز سے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور یہ سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘منگل کو درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا جس کے بعد بدھ کو 38 سے 40 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے لیکن شہریوں کو 12 بجے سے 4 بجے تک احتیاط برتنی چاہیے۔دوسری جانب ڈاکٹروں نے بڑھتی ہوئی گرمی کی پیش گوئی کو دیکھتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔میئر کراچی وسیم اختر کی صدارت میں کراچی میں درجہ حرارت کے ممکنہ اضافے پر اقدامات کے لیے ایک اجلاس ہوا۔وسیم اختر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ‘کراچی میں ہیٹ ویو کے پیش نطر اجلاس ہوا اور گرمی کی پیش گوئی کو دیکھتے ہوئے پورے شہر میں ایمرجنسی رسپانس سینٹرز بنائے جارہے ہیں’۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دو روز کے دور ان ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا ۔فورکاسٹنگ آفیسر عمران احمد صدیقی کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت کے مطابق مٹھی ، چھور میں41 ، تربت 40 ،دادو، شہید
بینظیرآباد 39 جبکہ آج لاہور میں14، اسلام آباد 07، کراچی 19،پشاور 11، گلگت 02، چترال ، ہنزہ اور کوئٹہ میں 03ڈگری تک رہنے کی امید ہے ۔