اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) 2018 کا الیکشن میں تمام مذہبی جماعتیں مشترکہ طور پرایک ہی پلیٹ فارم سےلڑیں گی،سود کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان ، جماعت اسلامی نے پاکستان کے سیاسی منظر نامے میں ہلچل مچا دی ۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے
لوئر دیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ 2018کے الیکشن میں تمام مذہبی جماعتیں مشترکہ طور پر ایک ہی پلیٹ فارم سےحصہ لیں گی۔ سراج الحق نے اسلام آباد میں سود کے خلاف دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سود جیسی لعنت سے چھٹکارہ حاصل کیے بغیرمعاشی ترقی ناممکن ہے یہ اللہ اور اس کے رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے اعلانِ جنگ ہے۔انہوں نے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اسحاق ڈار صاحب قرضے لینا نہیں بلکہ عوام کو خوشحال بنانا کامیابی ہے۔‘‘امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پختونوں کی پکڑدھکڑاور ان کے شناختی کارڈز بلاک کئے جانے سے ملک میں نفرت پیدا ہو رہی ہے ۔انہوں نے حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگرایک ماہ میں بلاک کیے گئے شناختی کارڈز جاری نہیں کیے گئے تو نادرا دفاترکا گھیراؤ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پانامالیکس پرسپریم کورٹ کا فیصلہ کرپشن کےخلاف آئے گا ۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مالا کنڈ کو بھی سی پیک کا حصہ بنایا جائے ۔