حیدر آباد(آئی این پی)مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) وفاقی جماعت نہیں علاقائی سوچ والی جماعت ہے ‘ وفاق صوبوں کے اعتماد کے بغیر نہیں چل سکے گا ‘ پیپلز پارٹی کے 3 رہنماؤں کو اٹھانا سمجھ سے بالا تر ہے ‘ لوگوں کو اٹھانے کی پالیسی درست نہیں ‘
یہ افراتفری پیدا کر رہی ہے ‘ پانی سے متعلق صورتحال اچھی نہیں ‘ سندھ کے عوام میں بے چینی ہے ‘ روایتی دشمنی جگا کر (ن) لیگ الیکشن میں جا رہی ہے ‘ میاں صاحب پاکستان کے لئے اپنی جان نہ دیں لیکن پاکستان کی جان چھوڑ دیں میرے دوست پرویز رشید میرے خواب میں آکر مجھ سے پوچھتے ہیں کہ میرا کیا ہوا ‘ مجھ سے انصاف نہیں ہوا ۔ اتوار کو حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) وفاقی جماعت نہیں علاقائی سوچ والی جماعت ہے۔ وفاق صوبوں کے اعتماد کے بغیر نہیں چل سکے گا۔ آپ دکھاوے کے لئے سندھ آتے ہیں کہاں ہے موٹر وے اور کہاں ہے موٹر وے پولیس ؟۔ آپ تو بس سڑک کو چوڑا کر رہے ہیں ‘ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بجلی کا عذاب تو 5 سال سے ہے وہ اب کیوں نکلے؟ سندھ میں کئی نوجوانوں کو اغواء کر کے مار دیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے 3 رہنماؤں کو اٹھانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ لوگوں کو اٹھانا جرم ہے بند کریں۔ سندھ میں رہنا کیا کوئی جرم ہے۔ میاں صاحب پاکستان کے لئے اپنی جان نہ دیں لیکن پاکستان کی جان چھوڑ دیں۔
لوگوں کو اٹھانے کی پالیسی درست نہیں۔ یہ افراتفری پیدا کر رہی ہے۔ اگر کسی کا بھی جرم ہے تو عدالتوں میں پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پوچھنا چاہتا ہوں چاہتی کیا ہے۔ پارلیمنٹ سے قانون منظور ہو چکا ہے۔ گرفتار افراد کو عدالتوں میں پیش کرنا ہوگا۔ پانی سے متعلق صورتحال اچھی نہیں ہے۔ سندھ کے عوام میں بے چینی ہے۔ روایتی دشمنی جگا کر (ن) لیگ الیکشن میں جا رہی ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ رات کو میرے دوست پرویز رشید میرے خواب میں آئے وہ مجھ سے پوچھ رہے تھے کہ چانڈیو صاحب میرا تو پوچھیں میر اکیا ہوا ‘ انصاف تو آپ نے میرے ساتھ نہیں کیا۔ آپ تو میرے دوست ہیں میں نے کہا کہ پرویز بھائی میں آپ کی بات کروں گا ضرور کروں گا۔