کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی قائد الطاف حسین اور لندن سے تعلق رکھنے والے ان کی پارٹی کے رہنما ندیم نصرت اور دیگر کے خلاف 1997 میں ہونے والے تہرے قتل کے کیس میں نئے گرفتاری وارنٹ جاری کردیے ہیں۔عدالت نے وارنٹ جاری کرتے ہوئے پاکستانی حکام کو ریڈ نوٹس کے حصول کیلئے انٹر پول سے رابطے کی ہدایت بھی کردی ہے۔محمد منہاج قاضی عرف اسد اور اس ساتھ مجرم قرار
دیے گئے مفرور ساتھیوں پر موجودہ کے-الیکٹرک اور اس وقت کی کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) شاہد حامد، ان کے ڈرائیور اور گارڈ کو 1997 میں ڈیفنس کے علاقے میں قتل کرنے کے کیس میں نامزد کیا گیا تھا۔گذشتہ سال عدالت میں پیش کی گئی ضمنی چارج شیٹ میں پولیس نے اس کیس میں ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین، پارٹی رہنما ندیم نصرت، سہیل زیدی اور دیگر دو راشد اختر عرف شیخ اور اطہر عرف محبوب کو مفرور ظاہر کیا تھا۔



















































