ملتان ( آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیرمین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی کی رہائش گاہ پر جاکر انہیں باعزت بری ہونے پر مبارک باد دی اور کہا کہ اس خاندان سے ہمارا ذاتی دینی اور روحانی تعلق 80سال پرانا ہے جو انشاء اللہ ہمیشہ قائم رہے گا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ علامہ حامد سعید کاظمی نے اس دوران نہایت صبر و ضبط اور استقامت کا مظاہرہ کیا ۔انہوں نے اس مقدمے میں بری ہونے اور عدالت سے سرخرو ہونے پر مبارک باد بھی دی۔ علامہ حامد سعید کاظمی نے اس موقع پر کہا کہ مخدوم شاہ محمود اور ان کی جماعت غوثیہ کی دعائیں ہمیشہ ان کے شامل حال رہیں۔