واشنگٹن(این این آئی)امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ عالمی رہ نماؤں کے ساتھ بات چیت میں اس سفارتی رکھ رکھاؤ کا کوئی اہتمام نہیں کرتے جو ان کے منصب کے شایان شان ہے۔
بعض اوقات تو وہ ملاقات کرنے والے بڑے بڑوں کو بھی نظر انداز کر کے خود کو عالمی ذرائع ابلاغ میں توجہ اور خبروں کا موضوع بنا دیتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی اسی دانستہ لاپرواہی کا مشاہدہ وائٹ ہاؤس میں اس وقت دیکھا گیا جب جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے ان سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد دونوں رہ نماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس شروع کی تو صحافیوں نے ان سے ’مصافحے‘ کا مطالبہ کیا۔ بار بار مصافحہ کے مطالبات آنے کے باوجود صدر ٹرمپ نے میرکل سے ہاتھ ملانا گورا نہ کیا۔ پریس کانفرنس میں موجود جرمن چانسلر نے بھی صدر ٹرمپ کی توجہ ’مصافحہ‘ کی طرف مبذول کرائی اور کہا کہ ہمیں مصافحہ کرنا چاہیے۔ ٹرمپ نے ان کی بات کو بھی نظرانداز کردیا جس کے نتیجے میں میرکل کو بھی شرمندگی اٹھانا پڑی۔