انقرہ /ایمسٹر ڈیم(آئی این پی)ہالینڈ کی حکومت نے ترک وزیر خارجہ کے طیارے کو ملک میں اترنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ، ترک صدر نے اس پابندی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ہالینڈ کو نازیوں کی باقیات اور فاشسٹ قرار دیدیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہالینڈ کی حکومت نے ترک وزیر خارجہ کی طیارے کو ملک میں اترنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے ۔ روٹرڈیم میں ترک باشندوں کی ایک ریلی سے قبل مولود چاوش اولو وہاں پہنچنا چاہتے تھے
تاکہ اپریل کے ریفرنڈم کے لیے ہالینڈ میں آباد ترک ووٹروں کی حمایت حاصل کی جا سکے۔ ڈچ حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق انقرہ حکومت نے کھلے عام پابندیوں کی دھمکی دی ہے، جس کے باعث کسی منطقی حل تک پہنچنا ناممکن ہو گیا ہے۔ اسی باعث ترک وزیر خارجہ کے طیارے کو ہالینڈ میں اترنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترک وزرات خارجہ کے مطابق جب یہ اعلان کیا گیا تو مولود چاوش اولو استنبول میں ہی موجود تھے۔