اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عمران خان کے غیر ملکی کھلاڑیوں بارے توہین آمیز بیان پر پشاور زلمی کا ردعمل سامنے آگیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی جانب سے دئیے جانے والےاستقبالیہ کی تقریب میں آنے سے معذرت۔تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی ٹیم کی انتظامیہ نے عمران خان کے غیر ملکی کھلاڑیوں بارے توہین آمیز بیان کے بعد ردعمل میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
پرویز خٹک کی جانب سے ٹیم کے اعزاز میں دیا جانے والے استقبالیہ کی تقریب میں آنے سے معذرت کر لی ہے ۔واضح رہے کہ پرویز خٹک کی جانب سے پشاور زلمی کےاعزاز میں دئیے جانے والے استقبالیہ کی تقریب کے حوالے سے صوبہ خیبرپختونخوا کی وزارت سیاحت نے تمام پروگرام کو حتمی شکل دے کر تیاریاں کر لی تھیں کہ اچانک پشاور زلمی ٹیم انتظامیہ نے استقبالیہ تقریب میں آنے سے معذرت کر لی ہے۔جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنمامتحرک ہو چکے ہیں اور انہوں نے زلمی کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو یقین دلایا ہے کہ پارٹی چیئرمین اپنے رویے پر غیر مشروط معذرت کرینگے اور پشاور زلمی ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ کی تقریب جلد ہو گی جس کی تاریخ کا اعلان جلد ہی کر دیا جائے گا تاہم ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ تقریب کا انعقاد عمران خان کی معذرت سے مشروط ہے ۔یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے پشاور زلمی کی ٹیم کیلئے 2کروڑ روپے انعام کا بھی اعلان کر رکھا تھا۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے پی ایس ایل کھلاڑیوں بارے بیانات کے بعد انہیں عوامی، سیاسی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے بھی زلمی انتظامیہ سے اس حوالے سے شکوہ کر چکے ہیں ۔