ایک بادشاہ نے نہایت خوبصورت باز پال رکھا تھا جس سے وہ شکار کا کام لیتا تھا۔ باز اس کا وفادار تھا۔ ایک دن وہ گم ہوگیا۔ تلاش کے باوجود بھی نہ ملا۔ بادشاہ نے ملک بھر میں ڈھنڈورا پٹوا دیا۔ باز کی تلاش شروع ہوگئی۔ ادھر باز ایک بڑھیا کی جھونپڑی میں چلا گیا۔ بڑھیا ناسمجھ اور جاہل تھی۔ اس نے باز کو دیکھا تو کہا، تو کِن لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے؟ جنھوں نے تیرے ناخن کاٹے اور نہ تیری ٹیڑھی چونچ کو سیدھا کیا۔ اس نے
باز کی چونچ، پروں اور ناخن کو کاٹ دیا اور اسےبے کار کردیا۔ بادشاہ کے کارندے باز کو ڈھونڈتے ہوئے جھونپڑی تک پہنچے اور باز کو بادشاہ کی خدمت میں پیش کیا۔بادشاہ بہت رویا اور باز سے کہنے لگا تیرا یہی علاج تھا جو بڑھیا نے کردیا۔ تو نے اپنے مالک سے جو تیری ہر ضرورت کو بہتر سمجھتا اور تیرا خیال رکھتا تھا دغا دیا اور ایسی جگہ گیا جہاں نہ تو کوئی تیری ضرورت کو سمجھتا تھا اور نہ تیرا خیال رکھ سکتا تھا۔



















































