لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایک طرف تو پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کیلئے لاہور میں کھیلنے کیلئے کئی نامور غیر ملکی کھلاڑی راضی نہ ہوئے اور اپنے وطن واپس لوٹ گئے وہیں ایک ایسے معروف غیر ملکی کرکٹر بھی تھے جو لاہور میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ کھیلنے کیلئے رضامند ہونے کے باوجود پاکستان نہ آسکے مگر پوری پاکستانی
قوم کو اپنی محبت کا مقروض بنا دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کیلئے لاہور آنے سے کئی غیر ملکی نامور کرکٹرز انکار کر کے اپنے گھروں کو لوٹ گئے وہیں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے معروف کرکٹر روی بوپارانے فائنل میچ کھیلنے کیلئے پاکستان آنے کا اعلان کر دیا تھا مگر شومئی قسمت کے کراچی کنگز کے یہ معروف غیر ملکی کھلاڑی اپنی ٹیم کے فائنل میں نہ پہنچنے کی وجہ سے پاکستان نہ آسکے۔واضح رہے کہ کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے روی بوپارا نے پشاور زلمی کے خلاف تیسرے پلے آف میچ سے قبل پاکستانی قوم کو ایک خوشخبری دیتے ہوئے اعلان کیا تھاکہ اگر وہ یہ میچ جیت گئے تو فائنل کھیلنے کیلئے لاہور جائیں گے لیکن ان کا یہ پروگرام کراچی کنگز کی شکست نے ملیا میٹ کر دیا۔ روی بوپارا اگرچہ پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں فائنل میچ کے تاریخی لمحے کا حصہ نہیں ہونگےلیکن ان کی ”ہاں“نے پوری پاکستانی قوم کو ان کی اس محبت کا مقروض بنا دیا ہے۔