واشنگٹن (نیوز ڈیسک) اپنے نئے نویلے خاوند کو پہاڑ کی چوٹی سے دھکا دے کر ہلاک کرنے والی امریکی خاتون نے اپنی ”رحمدلی“ کے عوض مقدمہ دوبارہ چلانے اور سزا میں کمی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ خاتون جارڈن گراہم پر الزام تھا کہ اس نے اپنے دولہے کوڈی جانسن کو گلیشئر نیشنل پارک میں ایک بلند چٹان سے دھکا دے کر ہلاک کر دیا تھا۔ جارڈن نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا جس پر اسے عمر قید کی سزا سنا دی گئی تھی۔ اب اس نے اپنے وکیل کے ذریعے ایک وفاقی اپیلز کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کیونکہ اس نے اپنے خاوند کو دھکا دینے سے پہلے اس کی آنکھوں پر پٹی باندھ دی تھی لہٰذا اس کے جرم کو قدرے کم سمجھا جائے اور مقدمہ دوبارہ چلایا جائے کیونکہ وہ عمر قید کو زیادتی تصور کرتی ہے۔ مقامی عدالتی ذرائع نے بتایا کہ تاحال یہ واضح نہیں کہ جارڈن کی درخواست کو قابل سماعت قرار دیا جائے گا یا نہیں۔