اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی کٹھ پتلی خان آف قلات امیر احمد سلیمان دائود نے پاکستان کیخلاف بھارت اور دیگر دشمن ممالک سے مدد حاصل کرنے کا اعلان کر دیا۔ معروف پاکستانی جریدے کی رپورٹ کے مطابق بھارت نواز دی ڈیموکریسی فورم کے زیر اہتمام ہونے والے پروگرام میں امیر احمد سلیمان دائود نے کہا وہ بھارت، ایران ، افغانستان کے علاوہ دیگر ملکوں میں
جا کر پاکستان کے خلاف مدد طلب کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سی پیک بنانے والے چین کیخلاف بھی اپنی تمام تر توانائیاںصرف کر دیں گے۔ پروگرام میں حیربیار مری کا بھی پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ پروگرام کے دوران شرکا اور امیر احمد سلیمان دائود کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ ایک پاکستانی صحافی کے سوال پر لاجواب ہو کر امیر احمد سلیمان دائود نے جب اسے پاکستانی ایجنٹ قرار دیا تو پاکستانی صحافی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ امیر احمد سلیمان دائود یہاں پاکستان دشمنی کی حدیں توڑ رہے ہیں جب کہ پاکستان میں ان کا خاندان پاکستانی ریاست کی مدد سے لگژری لائف سٹائل کے مزے لوٹ رہا ہے، پروگرام کے شرکا نے آرگنائزر پر یکطرفہ حمایت اور پاکستان دشمنی کا الزام بھی لگایا ، ایک بلوچ نے آرگنائزر پر الزام لگایا کہ وہ امیر احمد سلیمان دائود جیسے بادشاہی ذہن رکھنے والے شخص کی میزبانی کر کے جمہوریت اور بلوچستان کی خدمت نہیں کر رہےاس کا کہنا تھا خان آف قلات بلوچ نہیں بلکہ ان کا تعلق پشتون احمد زئی قبیلے سے ہے۔
واضح رہے کہ خان آف قلات اپنے بڑے بیٹے پرنس محمد احمد زئی کے ان کا ساتھ چھوڑنے کی وجہ سےپریشانی کا شکار ہیں جس نے چند سال قبل بلوچستان جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس نے اپنے والد کے ساتھ2009میں برطانیہ میں سیاسی پناہ کے لئے درخواست دی تھی اوربعد میں اپنے والد سے بغاوت کرتے ہوئے درخواست واپس لے لی تھی ۔ پاکستان واپسی کے بعد پرنس محمد احمد زئی نے قائداعظم ریذیڈنسی زیارت میں پاکستان کا قومی پرچم لہرایا ۔ پرنس محمد احمد زئی اسی جگہ لا انفورسمنٹ کی سرکردہ شخصیات کی باقاعدگی سے میزبانی کرتے ہیں جہاں ان کے والد عدالت لگاتے تھے۔