کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے شارع فیصل کارساز پرنشے میں دھت ایک شخص نے جیپ فٹ پاتھ پر چڑھادی، پولیس مدد کو پہنچی تو انہیں برا بھلا کہناشروع کردیا۔تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پر ایک شخص نے جیپ فٹ پاتھ پرچڑھا دی جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، حادثے کے بعد نشے میں دھت شخص بیچ سڑک پر آکر کھڑا ہوگیا جس کے باعث مزید حادثات ہوئے جیپ کے نشئی مالک نے خود کسٹم افسر اور زرداری کا رشتہ دار ظاہر کیا ۔
نشے میں دھت شخص کا کہنا تھاکہ میرا نام پرویز زرداری ہے اور پولیس والوں کو دھمکی دی کہ تمہاری وردی اتروادوں گا ۔ اس دوران ایک اورشخص وہاں پہنچا جس نے خود کو جیپ والے کا رشتہ دار بتایا اوراسے سمجھانے کے بہانے جیپ میں لیگیا، کچھ دیربعد ہی دونوں پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہوگئے۔پولیس نے پہلے تو جیپ کا پیچھا کیا لیکن کچھ دور جانے کے بعد موبائل قریبی تھانے پر کھڑی کردی۔