فلوریڈا(نیوز ڈیسک ) میاکا پائنز گالف کلب کے پارک میں کھیل کے دوران مگر مچھ میدان میں پایا گیا جس سے وہاں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔فلوریڈا کے میاکا پائنز گالف کلب کے پارک میں ایک بڑا مگر مچھ اچانک میدان میں آگیا جو دیکھتے ہی دیکھتے ہول کےقریب پہنچ گیا، مگر مچھ کے میدان میں آنے کے بعد وہاں کھیلنے والے افراد میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور میدان میں افراتفری مچ گئی تاہم عینی شاہدین کے مطابق مگر مچھ قریبی تالاب سے نکل کر دھوپ سیکنے کے لیے گالف فیلڈ میں آیا اور از خود ہی چلا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق مگر مچھ کی لمبائی تقریباً 13 فٹ تھی اور اس واقعے سے قبل ہی اس کلب میں اس طرح کے 15 فٹ لمبے بڑے مگر مچھ کو دیکھا گیا تھا جس کو ”بگ جارج“ کا نام بھی دیا گیا تھا۔کلب کے جنرل مینیجر کا کہنا تھا کہ کلب میں اکثر مگرمچھ دیکھے جاتے ہیں تاہم اب تک انہوں نے کسی شخص پر حملہ نہیں کیا اور کلب انتظامیہ کی جانب سے بھی ان مگر مچھوں کو کچھ کھلانے پر مکمل پابندی عائد ہے تاکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔