لاہور( این این آئی)امریکی جریدے بلوم برگ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے باوجود پاکستان میں سرمایہ کاری کی فضا متاثر نہیں ہو گی، چین کی پاکستان میں 55 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ غیرملکی پاکستان کا رخ کرتے رہیں گے۔امریکی جریدے بلوم برگ نے سیہون شریف پر حملے کو پاکستان میں دو سال بعد ہونے والا بدترین دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا ہے۔ بلوم برگ کے مطابق ایسے واقعات ملک میں
معمول کی زندگی کو متاثر نہیں کر سکتے۔ حکومت دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے پرعزم ہے۔ جریدے نے اسلام آباد کے ایک تحقیقی ادارے کے حوالے سے لکھا کہ 2014 سے پاکستان میں پرتشدد واقعات میں 66فیصد کمی آئی۔سینٹرل بینک کے مطابق غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری میں چھ ماہ کے دوران 1.1بلین ڈالر کے ساتھ 10 فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق کراچی سمیت دیگر شہروں میں دہشتگردی کے خلاف موثر اقدامات سے سکیورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی۔ریسٹورنٹس اور دیگر پبلک مقامات پر شہریوں کے رش میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بلوم برگ کے مطابق حکومت پاکستان کو امید ہے کہ اس سال جون تک گروتھ ریٹ 5.7فیصد تک برقرار رہے گی جو 10 سال کی سب سے بڑی شرح ہے۔ جریدے نے ایک سینئر تجزیہ کار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخی صورتحال کے پیش نظر حالیہ حملے غیرمعمولی نہیں تاہم یہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی فضا کو متاثر نہیں کر سکتے۔