میکسیکوسٹی(آئی این پی)امریکہ کی جانب سے سرحد پر دیوار کی تعمیرکے اقدام سے کشیدگی میں اضافہ،میکسیکو نے چین کا رُخ کرلیا،میکسیکو چین کیلئے 2030تک اپنی برآمدات میں چارگنا اضافہ کرسکتا ہے۔چین میں میکسیکو چیمبر آف کامرس کے سربراہ ایفرن کالوو نے کہا ہے کہ اگر سرکاری اور پرائیویٹ شعبہ متفقہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھتا رہا تو میکسیکو 2030تک چین کیلئے اپنی برآمدات میں چار گنا اضافہ کرسکتا ہے،اس وقت میکسیکو چین کو 6ارب ڈالر سالانہ کا سامان برآمد کرتا ہے جبکہ آئندہ بارہ برسوں کے دوران وہ اسے 25ارب ڈالر تک لے جانا چاہتا ہے
تاہم اس کیلئے میکسیکو کے نجی اور سرکاری شعبے کو ایک موثر حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے،اس وقت میکسیکو اور چین کے درمیان تجارتی حجم چین کے حق میں ہے،چین میکسیکو کو 10گنا سامان برآمد کر رہاہے جو تقریباً 60ارب ڈالر سالانہ مالیت کا ہے۔کالوو نے کہا ہمیں چین ایسے ملکوں تک رسائی کی ضرورت ہے کیونکہ امریکی مارکیٹ چینی مارکیٹ سے مختلف ہے،ہم ٹیم کے طور پر کام کرنا چاہتے ہیں کیونکہ چینی حکومت تجارت کرنے والے ملکوں کے ساتھ ہمیشہ احترام کا رویہ اختیار کرتی ہے