بیجنگ(آئی این پی)چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ رواں ہفتے انسداد دہشت گردی پر مذاکرات کیلئے چینی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا،پاکستان نے حافظ سعید کو نظربند کرنے کا فیصلہ خود کیا ۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکھانگ نے جمعہ کو معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ نائب چینی وزیر خارجہ چھینگ کوپنگ کی قیادت میں ایک وفد پاکستان کا دورہ کرے گا
جہاں دونوں ممالک کے مابین انسداد دہشت گردی کے حوالے سے باہمی تعاون پر گفتگو کی جائے گی ۔چین انسداد دہشت گردی کے لئے آزادانہ طور پر پاکستان کی جانب سے تیار کی جانے والی حکمت عملی کا ہمیشہ سے حامی رہا ہے اور اس حوالے سے بین الاقوامی سطح پر انسداد دہشت گردی میں تعاون کے حوالے سے پاکستانی کاوشوں کو بھی سراہتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے حافظ سعید کو نظربند کرنے کا فیصلہ خود کیا ۔چین انسداد دہشت گردی کے حوالے سے بین الاقوامی تعاون کا حامی رہا ہے اور ہمارا یہ مسلسل موقف رہا ہے کہ ایسے تعاون باہمی احترام کی بنیاد پر ہونے چاہئیں ۔