کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا نے کہا ہے کہ 5ہزار کا نوٹ اب بھی چل رہا ہے اور یہ بند نہیں ہو گا قیاس آرائیوں پر کان دھرنے کی ضرورت نہیں ،غیر ملکی نوٹوں کی اسمگلنگ کی شکایات ملی ہیں جس کے بعدقانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کیا ہے تاکہ کرنسی اسمگلنگ کی روک تھام کی جا سکے ۔
ہفتہ کو نئی مالیاتی پالیسی کے اجراء کے موقع پر صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سال2017میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی لاگت تقریباً 52ڈالر فی بیرل ہوگی جبکہ 2016میں 41ڈالر تھی اس تناسب سے حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا بلکہ اس اضافے کو روکے رکھا تاہم مستقبل میں اس بات کا کوئی اندیشہ نہیںہے کہ حکومت عوام پر کوئی پیٹرول بم گرائے گی،ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امپورٹس بڑھ ضرور گئی ہیں لیکن کیپٹل گڈزمشینری اور پاور مشینری کی درآمد سے انکا استعمال بڑھنے کے جوثمرات سامنے آئیں گے اسے سامنے رکھتے ہوئے ان درآمدات میںمعمولی اضافہ ہی ہو گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملکی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا،حکومت نے ایکسپورٹرز کو 180ارب روپے کا جو پیکج دیا ہے اس کے بھی مثبت اثرات سامنے آئیں گے،انڈسٹریل،آٹواور کنزیومر کریڈٹ سیکٹر میں بینکوں سے قرضے لینے کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے،پرائیویٹ سیکٹر سرمایہ کاری کررہا ہے جبکہ زرعی شعبے میں بھی گروتھ آئی ۔