اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاناما لیکس کیس میں وزیراعظم نوازشریف کے وکیل مخدوم علی خان نے ن لیگی رہنماؤں کی جانب سے عدالت سے متعلق غیرضروری تبصرے اور بیانات نہ روکنے کی صورت میں مقدمہ کی پیروی چھوڑنے کی دھمکی دیدی ہے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق شریف فیملی کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ انھوں نے اپنے موکل کویہ بات پہنچا دی ہے کہ اگریہ کیس سپریم کورٹ کے بجائے عوامی سطح پر لڑناہے تو وہ مقدمہ چھوڑ دیں گے
جب کہ مسلم لیگ ن کے کچھ اہم رہنماؤں کی جانب سے فاضل جج صاحبان سے متعلق بیانات دینے پر مخدوم علی خان خاصے پریشان ہیں۔ واضح رہے کہ مخدوم علی خان ماضی میں بھی اس طرح کے فیصلے کرچکے ہیں۔یاد رہے کہ مخدوم علی خان نے پرویز مشرف کی پیروی بھی ایسے حالات میں اس وقت چھوڑ دی تھی جب وہ صدر تھے اورسپریم کورٹ میں اپنی نااہلی کے مقدمہ کا سامنا کر رہے تھے تاہم ذرائع نے دعوی کیا کہ وزیراعظم کو سیاسی رفقا نے قائل کیا ہے کہ عدلیہ اور سٹیبلشمنٹ پر کچھ دباو ڈالنا ضروری ہے۔