لاہور(آئی این پی) آسٹریلیا میں بدترین شکستوں اور ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے ٹیسٹ اور ایک روزہ ٹیم کی قیادت سمیت ٹیم میں اہم تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اظہر علی کی جگہ سرفراز احمد کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کر چکا ہے،
وہیں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت میں فوری طور پر تبدیلی کے مخالف مکی آرتھر دورہ ویسٹ انڈیز تک مصباح الحق کو ہی کپتان برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں اور اس تبدیلی کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز سمیت بورڈ کے اعلیٰ حکام مصباح کو قیادت سے ہٹانا چاہتے ہیں لیکن ہیڈ کوچ کو خدشہ ہے کہ ٹیسٹ اور ایک روزہ ٹیم میں ایک ساتھ فوری تبدیلی کے ٹیم پر انتہائی سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ادھر بورڈ میں ایک بڑا حلقہ 29 سالہ ٹی ٹوئنٹی کپتان سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹ میں کپتان بنانے کا خواہشمند ہے لیکن مصباح کی قیادت کے حامی آرتھر اس فیصلے کی راہ میں حائل ہیں اور شاید ایسا نہ ہونے دیں۔ذرائع نے انکشاف کیا کہ محمد حفیظ اور عمر اکمل جیسے سینئر کھلاڑیوں کو ممکنہ طور پر آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں آخری موقع فراہم کردیا گیا ہے اور انضمام الحق کی زیر سربراہی سلیکشن کمیٹی اب پاکستان سپر لیگ میں باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور کارکردگی کی بنیاد پر انہیں قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔25 سالہ اوپنر احمد شہزاد کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کیلئے ان کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے۔