ڈھاکا (آئی این پی )بنگلا دیشی حکومت نے آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے لاکھوں درخت لگانے کا فیصلہ کر لیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش کی حکومت نے آسمانی بجلی سے ہونے والی ہلاکتوں سے بچنے کیلئے ملک میں لاکھوں درخت لگانے کا انوکھا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ بنگلا دیش میں ہر سال سینکڑوں افراد آسمانی بجلی کی زد میں آ کر ہلاک ہو جاتے ہیں۔ گزشتہ سال 2016ء میں آسمانی بجلی گرنے سے 200 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔بنگلا دیشی حکام کے مطابق اب آسمانی بجلی سے ہونے والی ہلاکتوں کی روک تھام کیلئے پہلا قدم اٹھایا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے زیادہ تر ہلاکتیں ان علاقوں میں ہوتی ہیں، جہاں درختوں کی کمی ہے۔ درختوں کی ٹہنیاں آسمانی بجلی کو اپنے اندر جذب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور اس طرح آسمانی بجلی کے اثرات کم ہو جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق درخت الیکٹرک چارج کو زمین تک رابطہ فراہم کر دیتے ہیں۔