اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)مائیکرو ویو اوون ویسے تو جدید دور کی ایک کارآمد شے ہے لیکن بعض اوقات اس کا استعمال صحت کو نقصان پہنچانے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق مائیکرو ویو اوون کے استعمال سے پہلے اس کے طریقہ استعمال سے آگاہی حاصل کرنی چاہیئے ورنہ غلط استعمال پر آپ اپنی صحت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مندرجہ ذیل اشیا کو مائیکرو ویو میں گرم کرنے سے سختی سے پرہیز کرنا چاہیئے۔مائیکرو ویو میں انڈے ابالنا ایک نقصان دہ عمل ہے۔ انڈے بھاپ کو بہت زیادہ جذب کرتے ہیں جو مائیکرو ویو میں بند ہونے کے باعث باہر نہیں نکل پاتی۔ لہٰذا انڈے کو کھلے برتن میں چولہے پر ابالنا ہی درست طریقہ ہے۔اکثر افراد جمے ہوئے گوشت کو کٹ لگا کر مائیکرو ویو میں گرم کرنے کے لیے رکھ دیتے ہیں۔ اس طرح گوشت کے کنارے پک جاتے ہیں جبکہ اندرونی حصہ ویسا ہی کچا اور جما ہوا رہ جاتا ہے۔مزید یہ کہ اگر مائیکرو ویو کی پلیٹ گردش نہیں کر رہی تو اس کا مطلب ہے کہ گوشت کے کسی ایک حصہ پر ہی حرارت جمع ہو رہی ہے جو نقصان دہ بیکٹریا کی افزائش کا سبب بن سکتی ہے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جمے ہوئے گوشت کو معمول کے روم ٹمپریچر پر ہی پگھلنے دینا چاہیئے۔پلاسٹک کے برتن کو کبھی بھی مائیکرو ویو میں گرم نہ کریں۔ پلاسٹک کے برتن یا بوتلوں سے اکثر پلاسٹک جھڑ کر کھانے یا پانی میں شامل ہوجاتا ہے جو ہمارے جسم میں جا کر سخت نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتا ہے۔مائیکرو ویو میں پلاسٹک کے برتن گرم کرنے کے لیے رکھنے سے یہ خدشہ دگنا ہوجاتا ہے۔