اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) 500سال قبل اٹلی کے ایک ماہرعلم نجوم نے دنیا کے خاتمے کے متعلق ایک پیش گوئی کی تھی، جس کا ایک حصہ گزشتہ دنوں پورا ہو گیا ہے اور اس کے معتقدین خوف میں مبتلا ہیں کہ جلد اس دنیا کا خاتمہ ہو جائے گا۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق میٹیو ٹفوری نامی یہ ماہر 1492ءمیں پیدا ہوا اور 1582ءمیں انتقال کیا تھا۔ اپنی زندگی میں اس نے کہا تھا کہ ”ایک وقت آئے گا جب اٹلی کے قصبے سلینٹو میں مسلسل دو دن تک برفباری ہو گی۔ اس واقعے کے فوری بعد دنیا میں معرکہ خیروشر (دنیا کی آخری فیصلہ کن جنگ، جو ارمجدون کے میدان میں لڑی جائے گی)ہوگا اور دنیا کا خاتمہ ہو جائے گا۔“رپورٹ کے مطابق میٹیو ٹفوری کی یہ پیش گوئی گزشتہ دنوں پوری ہو گئی۔ سلینٹو میں 2روز تک مسلسل برفباری ہوتی رہی، جس سے پورا شہر برف سے ڈھک گیا۔