کراچی (این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب) نے گزشتہ تین سال کے دوران چاروں صوبوں میں درج کیے گئے مقدمات اور ریکوریوں کی تفصیلات تیار کرلی ہیں ۔سرکاری اداروں میں ہونے والی کرپشن میں سندھ اور سیاستدانوں کی بدعنوانیوں کے حوالے سے پنجاب سرفہرست ہے ۔جبکہ کرپشن کا بازار گرم کرنے میں سرکاری اداروں کے افسران سب سے آگے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے گزشتہ تین سالوں کے دوران چاروں صوبوں میں 85سیاستدانوں ،663کاروباری شخصیات اور 1210دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف 1333ریفرنس دائر کیے ہیں ۔نیب کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں سیاستدانوں کے خلاف 45،کاروباری شخصیات کےخلاف224،بیوروکریٹس کے خلاف 483اور دیگر کے خلاف 792ریفرنس دائر کیے گئے ہیں ۔صوبہ سندھ میں کرپشن کے حوالے سے سرکاری افسران کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں 543افسران کے خلاف ریفرنس دائر کیے گئے ہیں ۔وادی مہران میں سیاستدانوں کے خلاف 13،کاروباری شخصیات کے خلاف 143اور دیگر کے خلاف 137مقدمات درج کیے گئے ۔خیبرپختونخوا میں 287سرکاری افسران نیب کے شکنجے میں آئے ۔نیب نے 12سیاستدانوں ،15کاروباری شخصیات اور 265دیگر افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا گیا ۔نیب کی دستاویزات کے مطابق صوبہ بلوچستان میں 15سیاستدانوں ،278بزنس مینوں ،20بیوروکریٹس اور 16دیگر شخصیات کے خلاف ریفرنس دائر کیے گئے ہیں ۔