حیدرآباد (نیوز ڈیسک)سندھ کے وزیراطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شامل کرنے پر رضامند کرنے کی ذمہ داری نو منتخب سینٹر عبدالرحمان ملک کو سونپی ہے۔حیدراباد میں سرسبز سندھ کی مہم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بے شمار کامیاب مذاکرات کے بعد یہ بات ابھی نہیں کہی جاسکتی کہ ایم کیو ایم سندھ حکومت کا حصہ بننے جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے مذاکرات کا سلسلہ ابھی جاری ہے اور لوگ بہت جلد ان مذاکرات کی کامیابی کے حوالے سے خوشخبری سنیں گے۔ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں سے گوسٹ ملازمین کو نکالنے کیلئے موثر منصوبہ بنا لیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سرسبز سندھ مہم کے آغاز کا مقصد صوبے میں لوگوں کے لیے صاف ستھرے ماحول کو یقینی بنانا اور ان کو بنیادی ضروریات فراہم کرنا ہے۔بلدیات کے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں صفائی مہم کے دوران لاکھوں پودے لگائے جائیں گے۔شرجیل انعام میمن نے مزید بتایا کہ کراچی میں کامیاب مہم کے بعد ضلعی انتظامیہ اس مہم کو حیدرآباد میں کامیاب بنانے کے لیے کوششیں کررہی ہے۔