قاہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک)مصری پولیس نے 15 کروڑ پاؤنڈ (1،92،99،86،958) رشوت بٹورنے والے سرکاری افسرکو گرفتارکرلیا۔العربیہ ٹی وی کے مطابق مصر کی ایڈمنسٹریشن کنٹرول اتھارٹی نے احمد جمال الدین محمد ابراہیم للبان نامی افسر کو حراست میں لیا ہے۔
ابراہیم للبان سپلائی اور محصولات کے شعبے کا ڈائریکٹر جنرل ہے۔ جس پر رشوت کے طور پر بٹوری گئی 150 ملین مصری پاؤنڈ کے برابر رقم گھر میں چھپانے کا الزام عائد ہے۔گھر میں رشوت کی رقم چھپانے والے ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا، مصری پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے پکڑی گئی رقوم میں 24 ملین مصری پاؤنڈ، 40 لاکھ امریکی ڈالر، 20 لاکھ یورو اور 10 لاکھ سعودی ریال شامل ہیں۔ملزم کے گھر سے بڑی مقدار میں سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء بھی ملیں۔ ملزم نے کئی گاڑیوں اور جائیدادوں کی ملکیت کا بھی اعتراف کیا ہے۔مصری پراسیکیوٹر جنرل نے سرکاری افسر کی رشوت خوری کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔واضح رہے کہ برآمد ہونے والی یہ رقم پاکستانی روپوں میں تقریباََ 20 ارب روپے بنتی ہے۔