ٹوبہ ٹیک سنگھ( این این آئی)ٹوبہ ٹیک سنگھ میں درجنوں ہلاکتوں کا سبب بنے والی شراب میں آفٹر شیو کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عثمان اکرم گوندل نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ 49افراد کی موت کا باعث بننے والی زہریلی شراب بنانے والوں میں اقبال، کامران اور عدیل نامی 3 ملزمان شامل تھے جنہوں نے 20 لیٹر آفٹر شیو لوشن شورکوٹ سے خریدا اور اس میں کیمیکل ملا کر زہریلی شراب بنائی گئی۔
آفٹر شیو لوشن میں اسپرٹ موجود تھا جو نشہ آور ہوتا ہے۔ڈی پی او نے بتایا کہ زہریلی شراب بنانے والے ملزمان میں کامران ، عدیل اور اقبال شامل ہیں جن میں سے اقبال مر چکا ہے جبکہ عدیل اور کامران ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔دوسری جانب ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر آصف کا کہنا ہے کہ زہریلی شراب سے متاثرہ 119 مریض ہسپتال لائے گئے تھے لیکن جب مریض ہسپتال پہنچے تو ان کے خون میں شراب شامل ہوچکی تھی اور زہریلی شراب نے تمام مریضوں کی آنکھوں، دماغ، گردوں اور سانس کو متاثر کر رکھا تھاجن کے معدوں کی صفائی اور علاج کیا جا رہا ہے۔