لاہور(آئی این پی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل نے آئندہ عام انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کی تیاریاں شروع کردی ہیں، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے ہر حلقے میں سیاسی کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں جو امیدواروں کا فیصلہ کریں گی، سنی اتحاد کونسل کے منشور کی تیاری کیلئے بھی کمیٹی قائم کردی گئی ہے،
سنی اتحاد کونسل کے پلیٹ فارم پر صوفیاء کے ماننے والوں کو متحد کیا جائے گا، دو نمبر جمہوریت نے دو نمبر لیڈر پید ا کئے ہیں، نظام اور امام بدلنے کی ضرورت ہے، مسائل زدہ لوگ نظامِ زر و ظلم کے پرخچے اڑانے کیلئے متحد ہو جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنّی اتحاد کونسل لاہور کے رہنما صاحبزادہ معاذ المصطفیٰ قادری کی رہائش گاہ شاہ پور کانجراں میں مقامی عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کرسی اور کمیشن کی سیاست نے ملک کو تباہ کردیا ہے۔
سیاست میں پیسے کا عمل دخل ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ ملکی وسائل پر دو فیصد اشرافیہ قابض ہے۔ انتخابی اصطلاحات کا معاملہ سرد خانے میں ڈال دیا گیا ہے۔ آئین کی شق 62اور 63پر عمل کیا جائے تو اسمبلیاں خالی ہو جائیں۔ ہمارے نااہل حکمران پاکستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ عالمی سطح پر مؤثر انداز میں نہیں اٹھاسکے۔ بلدیاتی اداروں کو با اختیار بنائے بغیر انہیں عوامی توقعات سے ہم آہنگ نہیں کیا جاسکتا۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ بھارتی آبی دہشتگردی کا نوٹس لے۔ سندھ طاس معاہدے پر اس کی روح کی مطابق عمل سے ہی بھارتی آبی دہشتگردی روکی جاسکتی ہے۔