لاہور(آن لائن) ریلوے نے کوئلے کی ترسیل کیلئے پاکستانی انجینئرز کی تیارکردہ ویگن کا افتتاح کردیا جبکہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ رواں سال محکمہ کی آمدنی کیلئے 40 ارب روپے کا ہدف مقرر کردیا ، کوئلے کی ترسیل سے سالانہ تقریباًچھ ارب روپے کا فائدہ ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئلہ کی ترسیل کیلئے پاکستانی انجینئرز کی تیار کردہ ہائی کپیسٹی ویگن کا افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ رواں سال ریلوے کی آمدنی کیلئے 40 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی انجینئرز کی تیار کردہ یہ ویگن 29 بوگیوں پر مشتمل ہے جس کی تیاری میں 500 ورکرز نے حصہ لیا۔ ہوپر ویگن کول پاور پراجیکٹ کیلئے پورے پاکستان میں کوئلہ ترسیل کرے گی۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ماضی میں ریلوے جیسے اہم شعبے کو نظرانداز کیا گیا تاہم اب اس میں بہت بہتری لائی گئی ہے اور رواں سال آمدنی کیلئے 40 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئلے کی ترسیل سے سالانہ تقریبا 6 ارب روپے آمدن ہو گی جبکہ ریلوے میں کوئی بھی کنٹریکٹ سیاسی بنیادوں پر نہیں کیا جاتا۔وفاقی وزیر ریلوے نے ریلوے پولیس کو بھی خوشخبری سنائی اور کہا کہ ان کی تنخواہوں میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے جس کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی کراچی کینٹ اور لاہور میں برقی سیڑھیاں بھی نصب کر دی جائیں گی۔