کراچی (این این آئی) ایشیاء سینٹر فرانس کے صدر ڈاکٹر جین فرانکوئس ڈی میگلیو نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستانی معیشت کی تقدیر بدل کررکھ دے گا،چین گذشتہ برسوں میں ایک اہم اقتصادی قوت بن کر ابھرا ہے جس کی برآمدات دنیا کے ہرکونے میں جاتی ہیں۔ پورے خطے میں سی پیک کی بدولت پاکستان کی اہمیت میں بیحد اضافہ ہوگا ۔پاکستان ایک کلیدی جیواسٹرٹیجک مقام پر موجود ہے جس کی افادیت سے انکار ممکن نہیں،چین نے اس موقع سے فائدہ اُٹھایا جبکہ یورپ نے پاکستان کی اس اہمیت کونظر انداز کیا۔مذکورہ منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ چین سمیت دیگر پڑوسی ممالک کو بھی بیحد فائدہ پہنچے گا۔چین دنیا کے معاملات میں اپنی گرفت رکھنے کے بجائے ایک اہم معاشی قوت بن کر ابھر نے کے مشن پر کارفرماہے جس کا ایک اہم ثبوت ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے جواب میں ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کا قیام ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے ایریا اسٹڈی سینٹر برائے یورپ کے زیر اہتمام منعقدہ لیکچر بعنوان: ’’نئے سلک روڈز کے معاشی ،اسٹریٹیجک اور ماحولیاتی نتائج‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایریا اسٹڈی سینٹر برائے جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ شجاعت خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے چین کی جنوبی ایشیائی خطے میں اہمیت وافادیت پرروشنی ڈالی ۔اس موقع پر سوال وجواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔