دمشق(آئی این پی)عالمی سطح پر دہشت گردی کے جرائم میں ملوث عناصر کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر انعامات مقرر کیے جاتے رہتے ہیں مگر شدت پسند گروپ داعش نے بھی ایک 22 سالہ کرد دوشیزہ کے سر کی قیمت ایک ملین ڈالرز مقرر کی ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق داعش نے یورپ میں مقیم اپنے جنگجوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شام اور عراق کی کرد تنظیموں سے وابستہ ڈنمارک کی دوشیزہ کو قتل کریں اور اس کے بدلے میں تنظیم سے ایک ملین ڈالر کا انعام پائیں۔ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ جوانا بالانی ایک بار پھر یورپی ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز ہے۔ وہ کئی ماہ تک شام اور عراق میں کرد تنظیموں کے ساتھ داعش مخالف لڑائیوں میں پیش پیش رہی ہے۔
حال ہی میں وہ اپنے آبائی ملک لوٹ گئی جہاں امکان ہے کہ حکام اسے غیرقانونی مقاصد کے لیے بیرون ملک سفر کرنے اور عسکری گروپوں میں شمولیت اختیار کرنے کی پاداش میں چھ ماہ قید کی سزا سنا سکتے ہیں۔اس کے علاوہ بالانی کے دوبارہ بیرون ملک سفر پر پابندی بھی لگ سکتی ہے۔ اسے بیرون ملک سفر سے روکنے کے لیے دھمکیاں دی گئی ہیں اور اس کا پاسپورٹ بھی ضبط کرلیا گیا ہے
جوانا لابانی نے اس وقت عالمی شہرت حاصل کی تھی جب اسے کرد قوم کے دفاع میں لڑنے والی تنظیم میں محاذ جنگ پر دیکھا گیا تھا۔ ایک سال قبل شمالی شام کے شہر کوبانی میں داعش کو نکال باہر کرنے والے کرد جنگجو گروپ میں بالانی بھی شامل تھیں۔ اس کے علاوہ اسے عراق کی البیشمرگہ فورس کے اہلکاروں کے ہمراہ بھی فوجی لباس میں دیکھا گیا ہے۔