جکارتہ ( آن لائن )برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کے صوبے پاپوا کے دور دراز علاقے میں ائیر فورس کا طیارہ (ہر کولیسC-130) گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار 10فوجی اہلکار اور 3پائلٹ جاں بحق ہو گئے۔انڈونیشین ائیر فورس کے چیف آ ف سٹاف آگس سپرٹیانا نے مقامی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے بتا یا کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے طیارہ گر کر تباہ ہوا۔تباہ ہونے والا طیارہ کھانے کا سامان لے کر ٹمیکا سے ویمینا جا رہاتھا کہ راستے میں پہاڑی علاقے میں یہ حادثہ پیش آیا۔طیارے نے ٹمیکا سے صبح 5بجکر 35منٹ پر اڑان بھر ی جس نے 6بجکر 13منٹ پر ویمینا پہنچنا تھا۔انڈونیشین سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے آپریشنل ڈائریکٹر احمد رسکی نے بتا یا کہ طیارے کا ملبہ مل گیا ہے اور تمام لاشوں کو ویمینا لایا جا چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق انڈو نیشیا کی ائیر سیفٹی زیادہ موثر نہیں ہے ،2015میں بھی انڈونیشین فضائیہ کا اسی طرح کا طیارہ رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوا تھا جس میں موجو د تمام افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔اس حادثے میں 12کریو ممبر ،109مسافر اور زمین پر موجود 22افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں