کویت سٹی(این این آئی)کویت کی نئی قومی اسمبلی کے متعدد ارکان نے ہنگامی اجلاس بلانے سے اتفاق کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق حلب تباہ ہورہا ہے کے عنوان سے اس اجلاس میں شام کی صورت حال پر غور کیا جائے گا اور کویت میں مقیم شامی برادری کو اپنے ملک سے والدین کو لانے کی سہولت مہیا کرنے پر غور کیا جائے گا۔
ان ارکان پارلیمان نے کویت میں روسی سفارت خانے کے باہر احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے اور حکومت سے روسی سفیر کو بے دخل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ان کے بہ قول روس کی فوجی کارروائی کی وجہ سے حلب کے شہریوں کو بے پایاں مصائب کا سامنا ہے۔ارکان پارلیمان نے کہا کہ روسی سفارت خانے کے سامنے احتجاج کیا جائے گا اور حلب میں شامی شہریوں کی نسل کشی کے خلاف ایک احتجاجی مراسلہ روسی سفارتی عملے کے حوالے کیا جائے گا۔