نیویارک (نیوز ڈیسک) اچھی نسل کے دودھ دینے والے جانور یقینا کافی مہنگے ہوتے ہیں لیکن ہولسٹین نسل کی ایک امریکی گائے تو اس سلسلے میں عالمی شہرت رکھتی ہے۔ یوں تو اس نسل کی ہر گائے ہی دودھ اور گوشت کی غیر معمولی پیداوار کیلئے مشہور ہے لیکن ”مسی“ نامی گائے اعلیٰ نسل کے بچھڑے پیدا کرنے کیلئے خصوصی شہرت رکھتی ہے اور اس کا استعمال بھی اعلیٰ نسل کے جانوروں کے حصول کیلئے کیا جا رہا ہے۔ اس گائے کی بے مثال خوبیوں کی وجہ سے سال 2009ءمیں اسے 12 لاکھ ڈالر (تقریباً 12 کروڑ پاکستانی روپے) میں فروخت کیا گیا۔ آج کل یہ گائے مورس فارمز، دو کینیڈین سرمایہ کاروں اور ایک امریکی جینیٹکس کمپنی کے اتحاد کی مشترکہ ملکیت ہے جو اس کے ذریعے گائے کی نسل کو مزید بہتر بنانے پر کام کر رہے ہیں۔ اس نایاب گائے کو کسی عام گائے کے برعکس انتہائی پرآسائش طرز زندگی میسر ہے اور خصوصاً اس کی خوراک نہایت اعلیٰ ہے جو مکئی، سویا بین، جئی، جو، گندم اور تازہ گھاس کو ملا کر بنائی جاتی ہے اور اسے مزے دار فلیور دینے کیلئے اس میں چقندر کا گودا ڈالا جاتا ہے۔