اسلام آباد (این این آئی) مری سے لے کر سوات تک پہاڑوں نے برف کی چادر اوڑھ لی ٗمانسہرہ، تورغر آزاد کشمیر سمیت مختلف شہروں میں بارش کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا ٗ تفصیلات کے مطابق چترال میں برف باری سے لواری ٹاپ سمیت متعدد راستے بند ہوگئے ٗچترال میں برف باری اور بارش نے راستوں کو دشوار بنا دیا۔
درجہ حرارت میں کمی آئی تو ڈرائی فروٹ، جلانے کی لکڑی اور ہیٹرز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں ۔چترال شہراورگردونواح میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری نے موسم کو سرد کردیا ٗگزشتہ روز سے وقفے وقفے سے برف باری جاری رہی ٗ اب تک 15 انچ برف پڑچکی ہے ٗبرفباری کی وجہ سے لواری ٹاپ روڈ آمد و رفت کیلئے بدستور بند رہے۔
مانسہرہ ، تورغر میں رات بھر ہلکی اور تیز بارش نے موسم کو خوب ٹھنڈا کردیا ٗ ناران اور کاغان میں گزشتہ رات برف پڑنے سے سردی بڑھ گئی آزاد کشمیر کی وادی نیلم اور گریز میں ہلکی برفباری،میدانی علاقوں میں بارش ٗ وادی لیپہ میں بھی ہلکی برفباری سے موسم مزید ٹھنڈا ہوگیا پنجاب کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش کی پیش گوئی ہے ٗمحکمہ موسمیات کا کہنا ہے میدانی علاقوں میں دو سے تین روز میں دھند مکمل چھٹ سکتی ہے۔