نیویارک (نیوز ڈیسک) اچھی ملازمت کا حصول بڑی حد تک قسمت کی بات ہوتی ہے مگر امریکی شخص رائن گریوز کو انٹرنیٹ پر ایک ٹویٹ کا بروقت جواب دینے پر ایک ایسی ملازمت مل گئی کہ اس کی خوش قسمتی پر یقین کرنا مشکل ہے۔ یہ جنوری 2010 ءکی بات ہے کہ ٹیکسی سہولت فراہم کرنے والی کمپنی یوبر کے سی ای او ٹریوس کلانک نے ٹویٹر پر لکھا کہ وہ ایک پراڈکٹ مینجر کی تلاش میں ہیں، کیا کوئی اسے ڈھونڈنے کے لئے اچھا مشورہ دے گا۔ رائن گریوز نامی نوجوان نے یہ ٹویٹ دیکھی تو اس کے جواب میں لکھا، ”میرے پاس ایک مشورہ ہے۔ مجھے ای میل بھیجیں۔“ ٹریوس نے اس دلچسپ جواب کو دیکھ کر رائن کو واقعی ای میل بھیج دی اور اسے ملازمت کی تفصیلات بتائیں اور پھر جلد ہی رائن کو یہ ملازمت مل بھی گئی۔ وہ اس کمپنی کے سی ای او بھی بنے اور اس کے ہیڈ آف گلوبل آپریشنز کے فرائض اب بھی سرانجام دے رہے ہیں۔ رائن اب ایک ارب پتی شخص بن چکے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ ان کی خوش قسمتی کا آغاز اس لمحے ہوا جب انہوں نے یوبر کے سی ای او کے جواب میں ازراہ تفنن ایک ٹویٹ بھیجی تھی