کراچی (نیوزڈیسک)سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہریار مہر نے الزام عائد کیا ہے کہ ہمارے پانچ ووٹ ہارس ٹریڈنگ کی نذر ہوگئے۔ انتخابات میں الیکشن کمیشن کا کردار بھی مشکوک تھاجبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے اپوزیشن کے تمام الزامات مسترد کردیئے۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پیپلزپارٹی دھاندلی پر یقین نہیں رکھتی پیپلزپارٹی ہارس ٹریڈنگ کے خلاف ہے۔اپوزیشن لیڈر شہریار مہر کا کہنا تھا کہ ہمارے اٹھارہ ووٹ پکے تھے لیکن ہمیں 13 ووٹ ملے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 5 ووٹ ہارس ٹریڈنگ کی نذر ہوگئے۔ الیکشن کمیشن کا کردار بھی مشکوک تھا۔ایک بار پھر سینیٹر منتخب ہونے والے پیپلزپارٹی کے رہنماءرحمان ملک نے کہا کہ آصف زرداری کی دانشمندی پیپلز پارٹی کی فتح ہے۔ ایوان میں عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کروں گا۔ایم کیوایم کے فیصل سبزواری نے کہا کہ ہمارے اراکین نے پارٹی قیادت کے فیصلے اور اپنے فیصلے کے مطابق ووٹ دیے۔ ایم کیوایم کی کامیابی سے سیاسی تجزیوں کے نام پر الزام تراشی کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی۔