ابوظبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) میں شامل امارت فجیرہ کے حکمراں شیخ حمد بن محمد الشرقی نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہْرمز کو بند کرنے کی دھمکی اب ماضی کا قصہ بن چکی ہے۔انھوں نے یہ بات اماراتی خبررساں ایجنسی کو ایک انٹرویو میں کہی ۔
انھوں نے مزید کہا کہ وہ اس طرح کی دھمکیوں کی کوئی زیادہ پروا نہیں کرتے ہیں۔جب شیخ حمد سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا فجیرہ کی بندرگاہ اماراتی اور خلیجی تیل کو با حفاظت برآمد کرنے کے لیے آبنائے ہرمز کا متبادل ہوسکتی ہے؟اس کے جواب میں انھوں نے کہاکہ یو اے ای ایسا عملی طور پر کرسکتا ہے۔اس نے ابو ظبی میں حبشن فیلڈز سے فجیرہ تک پائپ لائن بچھا دی ہے۔اس لیے وہاں سے براہ راست تیل فجیرہ کی بندرگاہ تک بھیجا جاسکتا ہے اور وہاں سے یہ ٹینکروں کے ذریعے دساور بھیجا جاسکتا ہے۔اس لیے اماراتی تیل کو آبنائے ہرمز سے گذرنے کی ضرورت ہی نہیں ہے۔