اسلام آباد (این این آئی) نومنتخب امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نے کہاہے کہ پاکستانی لوگ غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل ہیں،وزیراعظم محمدنوازشریف لاجواب انسان ہیں اور حیران کن کام کررہے ہیں،پاکستان غیرمعمولی مواقع کاحامل شاندارملک ہے دورہ کرکے خوشی ہوگی ،نوازشریف تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے جیسا کردار بھی چاہیں ادا کرنے کو تیار ہوں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کیا اور انہیں کامیابی پر مبارکباد دی۔ نو منتخب امریکی صدرنے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف آپ کی شہرت بہت اچھی ہے اور آپ ایک لاجواب انسان ہیں، آپ حیران کن کام کررہے ہیں جو ہرطرح سے دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سے جلد ملاقات کامنتظر ہوں، آپ کا ملک غیر معمولی مواقع کا حامل ہے ۔ پاکستانی انتہائی ذہین لوگ ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے جیسا کردار بھی آپ چاہیں ادا کرنے کو تیار ہوں۔ یہ میرے لئے ایک اعزاز ہوگا اور میں ذاتی طور پر ایسا کرونگا۔ نو منتخب امریکی صدر نے کہا کہ آپ 20 جنوری کو میرے حلف اٹھانے سے پہلے بھی جب چاہیں مجھے کال کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی طرف سے دورہ پاکستان کی دعوت پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایک شاندار ملک میں آنا پسند کرینگے جو شاندار لوگوں کی شاندار سرزمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری جانب سے پاکستانی عوام تک یہ بات پہنچا دیں کہ وہ حیران کن لوگ ہیں اور جتنے بھی پاکستانیوں کو میں جانتا ہوں وہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔