راولپنڈی(این این آئی)سبکدوش ہونیوالے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دنیا کی سب سے سخت جان فوج کی تین سال کیلئے کمان کرنا ان کیلئے باعث اعزاز ہے ، کور کمانڈرز کے تعاون کے بغیر انکے عرصہ میں حاصل ہونیوالی کامیابیوں کا حصول ممکن نہیں تھا۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف
کی زیر صدارت الوداعی کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی کانفرنس میں نامزد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کور کمانڈرز اور پرنسپل سٹاف آفیسرز نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران کور کمانڈرز نے جنرل راحیل شریف کی قیادت پیشہ ورانہ فراست کو سراہتے ہوئے ملک کیلئے انکی خدمات کو خراج تحسین
پیش کیا۔ جنرل راحیل شریف نے نامزد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو انکی جنرل کے عہدے پر ترقی اور آرمی چیف کے طور پر تقرری پر مبارکباد پیش کی۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ان کیلئے دنیا کی سب سے سخت جان فوج کی تین سال کیلئے کمان کرنا ایک اعزاز ہے ۔ انہوں نے اپنے عرصہ کے دوران کور کمانڈرز
کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انکے عرصہ کے دوران حاصل ہونیوالی کامیابیاں تمام کور کمانڈرز کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھیں ۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق چینج آف کمان کی باضابطہ تقریب (آج) منگل 29 نومبر کو ہو گی۔