اسلام آباد(این این آئی)بھارت نے جنگ بندی لائن اور بین الاقوامی سرحد پر تعینات پاکستانی فوجیوں پر حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ بھارت جوانوں پر حملوں کے علاوہ سویلین آبادی کو بھی انتہائی سفاکیت سے نشانہ بنا رہا ہے۔بین الاقوامی سرحد اور جنگ بندی لائن پر بھارتی شر انگیزیاں فوری طور پررکوائی جائیں اور جنگ بندی لائن کی دوسری جانب اقوام متحدہ کے مبصرتعینات کئے جائیں۔
یہ مطالبات آج چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون کو لکھے گئے ایک خط میں کئے گئے۔چیئرمین نے خط میں جنگ بندی لائین اور کشمیر میں بھارتی جارحیت کی نشاندہی کرتے ہوئے لکھا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے بھارتی جارحیت کے تدارک کا انتظام نہ کرنا ناقابل فہم ہے۔خط میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے لکھا گیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ایک عرصے سے التواء کا شکار ہے۔
بھارت کی پاکستان کے خلاف بڑھتی ہوئی شر انگیزیوں کے باعث خطے کی سلامتی اور امن کو انتہائی شدید خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے خط میں مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے حوالے سے اقوام متحدہ کے مبصرین مقرر کئے جائیں اور اس سلسلے میں سلامتی کونسل کے باب ہفتم کے تحت سلامتی کونسل کا فوری اجلاس طلب کیا جائے۔ عمران خان کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن کے مطابق انہوں نے بانکی مون کو کہا ہے کہ بطور سیکرٹری جنرل یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے تحت عالمی امن اور سلامتی کا تحفظ یقینی بنائیں۔