ریاض(این این آئی)جیل ویسے تو مجرموں کو پابند سلاسل کرنے کی جگہ ہے جہاں خوشی کا گذر نہیں ہوسکتا مگر سعودی عرب کی ایک جیل میں قصاص کے سزا یافتہ ایک مجرم کی حال ہی میں ہونے والی شادی کی تقریب نے سارا منظر بدل دیا۔عرب ٹی وی کے مطابق اپنی نوعیت کی منفرد شادی کی تقریب نجران کے علاقے میں قائم ایک جیل میں ہوئی۔ جیل انتظامیہ نے سزائے موت کے قیدی سالم حسن الکربی کی شادی اس کی قبیلے کی ایک خاتون کے ساتھ کرانے کا پورا اہتمام کیا۔ شادی کی منفرد تقریب میں ڈائریکٹر جیل خانہ جات کیپٹن محمد صالح القحطانی اور ڈائریکٹر تعلقات عامہ عصام السرحانی نے بھی شرکت کی۔جیل کے سپرنٹنڈنٹ کرنل الشمری نے بتایا کہ ملزم الکربی کی جیل میں شادی کے لیے ہرممکن سہولت فراہم کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سزا یافتہ ملزم کی جیل میں شادی کی تقریب پر وہ بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکام کو جیلوں میں قیدیوں کو اس طرح کے مواقع فراہم کرتے رہنا چاہیے تاکہ قیدیوں کو بھی خوشیوں کے مواقع میں شریک رکھا جا سکے۔