لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)ترک صدرطیب ارد گان کے دورے کو یادگار بنانے کیلئے لاہور ضلعی انتظامیہ نے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے، مہمانوں کو ہوٹل میں کھلائے جانے والے پکوانوں کی فہرستیں فائنل کرلی گئی ہیں .ترک صدراوران کے ساتھ آنے والے مہمانوں کی پاکستانی کھانوں سے تواضح کی جائے گی جن میں چکن قورمہ ،ہریسہ ،گاجرکاحلوہ ،ریٹھے کاحلوہ ،بیف بریانی سمیت ایک درجن کے قریب کھانے شامل ہیں جبکہ اس موقع پرترک کھانے کی مہمانوں کوپیش کئے جائیں گے ۔۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایت پر ترک صدر کے لاہور میں چند گھنٹوں کے قیام کیلئے ڈی سی او محمد عثمان نے تمام اے سیز، ایڈمنسٹریٹرز، ٹی ایم اوز، ای ڈی اوز اور ڈی او سمیت دیگر افسروں کو ڈیوٹیاں سونپ دی ہیں۔ مال روڈ کی تمام اہم عمارتوں کو روشن کیا جارہا ہے گرین بیلٹس کی صفائی ستھرائی سمیت ائیر پورٹ سے حضوری باغ تک تمام راستوں پر ہونے والی تمام تر کھدائی بھی بند کرا دی گئی ہے۔
پنجاب حکومت نے ترک صدر کی آمد کے موقع پر لاہور شہر میں سکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس کے لئے تمام اہم عمارتوں کی سکیورٹی انتہائی سخت کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے حوالے سے خط جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ترک صدر کے پاکستان کے دورہ کے دوران کسی بڑے شہر میں دہشت گردی ہو سکتی ہے تاکہ پاکستان کے امیج کو نقصان پہنچایا جائے جس پر اسلام آباد اور لاہور کی سکیورٹی کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے۔ لاہور میں آج ترک صدر کے عشائیہ اور مصروفیات کے علاوہ تمام اہم سرکاری عمارتوں کی سکیورٹی کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے‘ تمام عارضی طور پر جاری پاس منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔ ترک صدر کو عشائیہ میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے لے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔ ا
علیٰ افسروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جس کی وجہ سے تمام اعلیٰ افسر سارا دن ڈیوٹی دیں گے ان کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ موبائل کے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی رابطے میں رہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت پجاب کی تجویز زیر غور ہے کہ ترک صدر کے دورے کے دوران لاہور میں متعدد علاقوں میں موبائل سروس کو بند کر دیا جائے تاہم اس کو حتمی منظوری آج صبح چیف سیکرٹری پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں سکیورٹی رپورٹس کے بعد دی جائے گی۔ طیب اردگان کی لاہور آمد کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔ ترک صدر کی سکیورٹی کیلئے 6 ہزار اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ ترک صدر کی اپنی سکیورٹی نے ائرپورٹ، حضوری باغ اور ترک صدر کے روٹ پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور لاہور پولیس کے سکیورٹی پلان کو تسلی بخش قرار دیا۔ سکیورٹی پلان کے مطابق ترک صدر کی آمد پر روٹ کی طرف آنے والے راستے عام ٹریفک کیلئے بند ہوں گے۔ مہمان صدر کی سکیورٹی کے پیش نظر آج دوپہر تین بجے تا رات دس بجے تک لاہور مال روڈ، ائرپورٹ تا آزادی چوک تک عام ٹریفک کے لئے بند رہے گی۔ ترجمان حکومت پنجاب نے کہا ہے کہ عام ٹریفک کی آمد ورفت میں روانی کے لئے متبادل پلان اخبارات میں مشتہر کیا جارہا ہے