اسلام آباد(نیوز ڈیسک) امریکی فوج کے اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی خطے کے استحکام اور افغان سٹرٹیجی کیلئے سنگین خطرہ ہے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل للوائیڈ آسٹن نے سینٹ کی مسلح کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی خطے کے استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے جبکہ یہ کشیدگی افغانستان بارے پاکستان کی سٹرٹیجی کو بھی تیار کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فوج کا انخلاء افغانستان اور پاکستان کے ساتھ امریکہ کے تعلقات میں بہتری کا موقع ہے جبکہ یہ اقدام دونوں ممالک کیلئے سرحدی علاقوں دہشتگردوں اور انتہا پسندوں سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات کی بھی حوصلہ افزائی کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں کمی اور فوجی تعاون کے فروغ کیلئے اعتماد سازی کے اقدامات کے نفاذ بارے بھی کام کرتا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ خطے میں اپنے قومی مفادات اور علاقائی سلامتی کیلئے سنگین خطرے کا باعث اعلیٰ سطحی اہداف گروپوں کیخلاف مشترکہ آپریشنز کیلئے بھی اہم اقدامات کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت کے ساتھ روابط کے فروغ اور مشترکہ تربیتی پروگراموں کے ذریعے فوجی سطح پر بھی تعلقات و تعاون بڑھایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں پاک فوج انتہا پسندوں کیخلاف کامیاب آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے تاہم یہ گروپ ابھی بھی علاقائی سلامتی کیلئے خطرہ ہونے کے ساتھ ساتھ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کیخلاف حملوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں اور مہلک ہتھیاروں تک رسائی کیلئے بھی کوشاں ہیں ۔