اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ سمجھ سے بالاترہے ٗ سیاستدان مودی سے تو مل سکتے ہیں لیکن ترک صدر سے کیوں نہیں مل سکتے؟میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ بیٹھے بیٹھے قطر سے بھی لیٹرآگیا ٗ جس کا کہیں ذکر نہیں تھا ،
یہ لیٹر آ بیل مجھے مار کے مترادف ہے۔ اس خط نے شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے۔ احتساب الرحمان قطرمنتقل ہوگیا ہے یہ لیٹراسی کا کارنامہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے قوم اور پارلیمنٹ سے خطاب میں اس دستاویز کا ذکر کیوں نہیں کیا؟اگر یہ معاملہ پارلیمنٹ میں ہوتا تو قطرکے شہزادے کا خط ایک ثبوت ہوتا ۔پی پی رہنما نے کہا کہ یہ کونسی منطق ہے کہ الزامات جھوٹے لگے تو جواب بھی جھوٹ سے دیں گے۔