کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ رینجرز نے بھرپور کامیاب کارروائی میں انتہائی مطلوب دہشت گرد ثاقب کو اس کے منطقی انجام پر پہنچا دیا۔رینجرز ذرائع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سندھ رینجرز نے کامیاب کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب جنداللہ پاکستان کے کمانڈر کو جہنم واصل کردیا۔ دہشت گرد ثاقب عرف عارف کالعدم تنظیموں کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرتا تھا۔
ملزم کی کمین گاہ سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والا دہشت گرد رینجرز ہیڈ کواٹرز کراچی اور اسپیشل سیکیورٹی یونٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، تاہم بروقت کارروائی کے دوران ہلاک ہوگیا۔ترجما ن نے بتایاکہ ہلاک دہشت گرد کراچی میں سابق کور کمانڈر جنرل احسان سلیم کی گاڑی پرحملے، مولانا فضل الرحمان پر حملے میں بھی ملوث تھا، جب کہ ملزم نے آصف زرداری کے چیف سیکیورٹی آفیسر بلال شیخ پر حملے کی منصوبہ بندی میں بھی شامل رہا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد نے اپنا ٹھکانہ زیر زمین بنایا ہوا تھا۔ دہشت گرد کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاعات پر حب کے قریب کی گئی۔